لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کورونا وبا میں شدت کے باعث سماعت کے لیے لمبی تاریخ دینے کا مطالبہ کردیا ۔ شہباز شریف کوجیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا ۔فاضل جج نے بینک کے افسران کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے دونوں افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردیے اورریمارکس دئیے کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ فاضل جج نے آئندہ سماعت پر تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی۔علاوہ ازیںلاہور کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے د وران جب شہباز شریف سے پوچھا گیا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں آپ اتفاق کرتے ہیں؟ تو شہباز شریف نے کہا کہ میں اپنے کیسز کا رونا رو رہا ہوں مجھے کیا پتا۔ پی ڈی ایم سے متعلق ایک سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے متعلق مجھ سے نہ پوچھیں تو بہتر ہو گا کیونکہ میں جیل میں ہوں، مجھ سے جیل کے حالات کا پوچھو ،مجھے باہر کے حالات کا علم نہیں۔