بل بورڈزنہ ہٹانے سے متعلق درخواست کی سماعت ملتوی

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے شہر بھر سے بل بورڈز، سائن بورڈ اور ہولڈنگ بورڈز نہ ہٹانے اور عدالتی احکامات کی عدم تعمیل سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ملتوی کردی ۔منگل کو جسٹس عرفان سعادت خان کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے شہر بھر سے بل بورڈز، سائن بورڈ اور ہولڈنگ بورڈز نہ ہٹانے اور عدالتی احکامات کی عدم تعمیل سے متعلق راہ راست ٹرسٹ کے آغا سید عطاء اللہ شاہ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر جسٹس عرفان سعادت خان نے استفسار کیا کہ شہر بھر سے بل بورڈز کیوں نہیں ہٹانے جارہے؟جس پر کے ایم سی کے وکیل کا کہنا تھا کہ کراچی سے تمام بل بورڈز اور سائن بورڈز ہٹا دئیے گئے ہیں،بل بورڈز اور سائن بورڈز سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہٹادئیے گئے ہیں۔اس موقع پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پورے شہر میں سائن اور بل بورڈز لگے ہوئے ہیں اور عدالتی عملے میں سے کسی کو میرے ساتھ بھیجیں میں دیکھاتا ہوں۔سماعت کے دوران کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عوامی مقامات سے سارے سائن بورڈز ہٹا دیے گئے ہیں۔