گندم کے خریداری سینٹرز تاحال کھل نہیں سکے،خرم شیرزمان

95

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کی فصل اترنا شروع ہوگئی ہے لیکن سندھ حکومت میں بیٹھے نالائقوں نے اب تک گندم کی خریداری سینٹر نہیں کھولے۔ کاشتکاروں سے گندم مافیا 2 ہزار روپے فی من کے بجائے 1700 روپے میں خرید رہے ہیں۔ سندھ حکومت جان بوجھ کر خریداری سینٹر نہیں کھول رہی ہے۔ گندم کی امدادی قیمت آٹے کے بحران کا سبب بنے گی۔انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ باردانہ کی عدم فراہمی مافیا کی سرپرستی کرنے کے مترادف ہے۔ سندھ حکومت گندم خریداری کے حوالے سے کوئی واضح نرخ جاری نہیںکرسکی۔ سندھ حکومت من پسند افراد کو نوازنے جارہی ہے۔ سندھ حکومت عوام کو ماموں بنانا بند کرے۔ سندھ حکومت بغیر حکمت عملی کے فیصلے تھوپنا بند کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مزدور اور محنت کش طبقہ سب سے زیادہ پریشانی کا شکا ر ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت صوبے کے اہم مسائل کو حل کرنے کے بجائے کرپشن اور لوٹ مار میں دن رات مصروف ہے۔