عبدالرشید میمن ،محمدہاشم کی یادمیں تعزیتی ریفرنس

229

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسلامک کلچر سینٹر ٹرسٹ، گلشن معمار کے تحت گلشن معمار ہاؤ سنگ سوسائٹی لمیٹڈ کے چیئرمین عبدالرشید میمن اور سماجی شخصیت اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ محمد ہاشم کی یادمیں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت قاری ارقم احمد خان کو حاصل ہوئی اور نعت رسول مقبولؐ میر آصف نے پیش کی۔ مہمان خصوصی عبدالرشید میمن کے صاحب زادے اور معمار ہاؤسنگ سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو عبدالرحمن تھے،انہوںنے اسلامک کلچر سینٹر ٹرسٹ کے ذمے داران کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے سابق چیئرمین عبدالرشید میمن کے اعزاز میں اس تقریب کا انعقاد کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں آنے والے مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس بات کی یقین دہائی کرائی کہ معمار ہاؤسنگ نا صرف اپنے سابق کام کو جاری رکھے گی بلکہ اس میں مزید بہتری پیدا کی جائے گی،معمار کے رہائشی کسی بھی کام اور مشورے کے لیے ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔تقریب کی صدارت اسلامک کلچر سینٹر ٹرسٹ کے صدر عبد الماجد، سی ای او آدم جی ڈیورابئلٹ نے کی۔ انہوں نے اپنے اختتامی خطاب میں مہمان خصوصی اور آنے والے دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سابق چیئرمین عبدالرشید میمن مرحوم اور محمد ہاشم مرحوم کی سماجی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مہمان خصوصی کی گلشن معمار کے لیے مزید بہتری کی یقین دہانی کے جذبے کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب سے گلشنِ معمار کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خطیب جامع مسجد معمور ڈاکٹر مولانا عبد الماجد، مولانا محمدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض مقصود احمد خان نے ادا کیے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی عبدالرحمن اور محمد احمد نے اسلامک کلچر سینٹر ٹرسٹ کے مرکزی دروازے پر بانی صدر محمد ابراہیم مرحوم کے نام پر’’باب ابراہیم‘‘ کی تختی لگاکر اس کا افتتاح کیا۔