دکھی انسانیت کے لیے اسکاؤٹس کی خدمات قابل تعریف ہیں،گورنر

213

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بطور چیف اسکائوٹ سندھ صوبائی کونسل سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے بیسویں صوبائی کونسل اجلاس کی گورنر ہائوس میں صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی اسکاؤٹ کمشنر/ چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ اور چیف پیٹرن محمد صدیق میمن بھی شریک تھے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کے اسکائوٹس ہمارے ٹائیگرز ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت پر مامور ہیں اور احسن طریقے سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں معاشی و معاشرتی اثرات مرتب ہوئے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کووڈ 19 کے باعث دنیا بھر میں سرگرمیاں مکمل طور پر معطل تھیں لیکن اسکائوٹس اور ان کے لیڈرز نے سندھ بھر میں اس مشکل موقع پر متاثر کن کردار ادا کیا۔علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کے کنٹری ریپریزنٹیٹو Dr. Jeremy Milsom نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی مفادات اور تعاون کے امور، یو این او ڈی سی کے حمایت کے توسیعی پروگرام اور حکمت عملی 2021-25ء پر تبادلہ خیال کیا گیا۔