اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بکھرنا اپوزیشن کی نااہلی کو عیاںکرتا ہے‘ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی راہیں جدا ہوچکی ہیں‘ یہ عمران خان کو ہٹانے کے لیے اکھٹے ہوئے تھے مگر خود پیچھے ہٹ گئے‘ مولانا فضل الرحمن وزیراعظم کو گھر نہیں بھیج سکتے‘ اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر اسمبلی میں بیٹھ کر بات کرے‘ قائد اعظم کے افکار پر عمل کرنے سے ملک کی ترقی ممکن ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہکابینہ میں ردوبدل ہوتا رہتا ہے‘ عمران خان جہاں کہیں گے وہیں کھیلوں گا‘ عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اور ان کے ساتھ ہی جائوں گا‘ کپتان کے خلاف کھڑی ہونے والی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی‘ یہاں 14،14 ماہ میں حکومتیں ختم ہوئی ہیں‘ یہ کہہ رہے تھے الیکشن نہیں لڑیں گے انہوں نے ضمنی الیکشن لڑا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے‘
لاک ڈائون این سی او سی کا کام ہے‘ مہنگائی کو مکمل کنٹرول کرنے میں کچھ وقت لگے اور حکومت اس پر قابو پا لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کیلیے میڈیا سٹی کے حوالے سے امور پر کام جاری ہے اور میں تمام میڈیا چینلز جو حکومت پاکستان سے رجسٹرڈ ہیں ان کے صحافیوں کو اس میں پلاٹس دوں گا تاکہ تمام میڈیا کے لوگ ایک ہی جگہ پر اکھٹے رہیں‘ یہ پلاٹس مفت نہیں ہوں گے‘ راولپنڈی میں کسی بھی صحافی کو مفت پلاٹس نہیں دے رہے‘ اس حوالے سے خبریں درست نہیں تاہم صحافیوں کو اس میں جتنا ریلیف دے سکے ضرور دیں گے۔