لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شہر کی ایوب کالونی کے رہائشیوں نے سیپکو کی مبینہ زیادتیوں کیخلاف نوڈیرو روڈ پر کیمپ قائم کرکے دھرنا دیا، جہاں مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر شہید اسلام ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے فرزند عطاء الرحمن سومرو، نور احمد مگسی، آصف علی مگسی، مولانا حمید اللہ سیال، روشن علی تونیہ، اصغر علی عباسی و دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار ماہ سے سیپکو عملہ صدیقی کالونی، ایوب کالونی، پیرزادہ کالونی اور سانگی محلہ کی بجلی 21 گھنٹے بند کرکے تنگ کررہے ہیں، مسلسل بجلی بند ہونے کی وجہ سے عوام ذہنی مریض بن چکے ہیں، 25 ہزار سے زائد گھروں پر مشتمل علاقے کو نظر انداز کرکے غیر قانونی کنڈا کنکشن کی آڑ میں بجلی بند کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو کے ملازم ہزاروں روپے رشوت طلب کررہے ہیں جبکہ میٹر صارفین پر غیر قانونی ڈیڈکشن لگا کر پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارپور دیہات کے فیڈر کے ساتھ ہماری بجلی شامل کرکے بجلی سپلائی 3 گھنٹے دیکر ہمیں پانی کے گھونٹ کے لیے بھی ترسایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور لاڑکانہ عوامی اتحاد کی جانب سے گزشتہ کتنے ہی سال سے بھار پور فیڈر ختم کرکے شہر کے فیڈر سے بجلی فراہم کرنے کے لیے احتجاج ریکارڈ کروانے کے باوجود سیپکو انتظامیہ نے نوٹس تک نہیں لیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے کی بجلی شہری فیڈر سے منسلک کرکے بجلی کا مسئلہ حل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔