سکھر (نمائندہ جسارت) صالح پٹ میں صحافی اجے لولانی کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، ملزمان کی جانب سے رقم دے کر اجرتی قاتلوں کے ذریعے صحافی اجے کمار لولانی کو قتل کرایا گیا، تمام ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق صحافی قتل کیس میں سکھر پولیس نے کامیاب کارروائی کر کے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم رضا شاہ اور جمیل شاہ نے ملزمان کو پیسے دے کر اجے لولانی کو قتل کرایا، قاتل اکبر منگریو اور جانب میرانی بھی گرفتار کرلیے گئے، ملزمان سے قتل میں استعمال پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔ پولیس ٹیم نے قتل کے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ صحافی اجئے لولانی جنہیں فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا گیا تھا، دو روز موت و زندگی کی کشمکش کے بعد 17 مارچ کو چل بسے تھے۔ صحافی، سیاسی، سماجی تنظیموں کی جانب سے مقتول کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے گزشتہ روز مرکزی ملزم اکبر منگریو کو لاہور سے گرفتار کیا۔ بعد ازاں تفتیش کے بعد معلوم چلا کہ ملزمان رضا شاہ اور جمیل شاہ نے پیسوں کے عوض قتل کرایا ہے، پولیس نے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اجے لولانی قتل کے لیے اجرتی قاتلوں کو پانچ سے سات لاکھ روپے دیے گئے تھے، اجے لولانی کا قتل دشمنی کے سبب ہوا۔ اجے لولانی قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ تک پولیس پہنچ گئی ہے، قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق صالح پٹ سے ہی ہے۔