لاہور(خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بلاول زرداری نے کہا کہ وزیر خزانہ کی برطرفی دراصل پی
ڈی ایم کی کامیابی ہے، پی ٹی آئی ایم ایف کے وزیر کو عہدے پر کام جاری رکھنے کے لیے سینیٹ میں کامیابی درکار تھی جسے ان کی شکست نے ناممکن بنادیا۔انہوں نے کہا کہ اب حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والی بدترین مہنگائی کا اعتراف کر رہی ہے، پارلیمانی سیاست حکومت کے خلاف سب سے مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ادھر مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ عمران نیازی کو حکومت چلانے کی سمجھ نہیں، جب انسان کھیل کی الف، ب سے واقف نہ ہو تو بار بار بیٹنگ آرڈر اور کھلاڑی تبدیل کر کے میچ نہیں جیت سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے تجربات نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، انتظامی مشین مفلوج کر دی ہے اور ریاستی اداروں کو متنازع کر دیا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کیا۔