ٹرمپ کی بائیڈن، ایران اور چین پر کڑی تنقید

595

 

تالاہاسی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا سے محرومی کے باعث صدر بائیڈن، ایران اور چین پر زبانی نشتر چلادیے۔ ریاست فلوریڈا میںایک شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران انہوں نے دل کی بھڑاس نکالنے کے لیے موقع نکال لیا۔ انہوں نے مائیک اپنے ہاتھ میں لیتے ہی سیاسی باتیں شروع کر دیں۔ میکسیکو اور امریکا کی سرحد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے صدارتی انتخاب کے شفاف ہونے پر مزید سوالات اٹھائے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہیں اب بھی چین اور ایران کے بارے میں بریفنگ ملتی ہے۔ صدر بائیڈن ایران کے جھکنے کے لیے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔ وہ پابندیاں اٹھانے اور مذاکرات پر بھی راضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بائیڈن نے حکومت سنبھالی ہے، سرحد پر پہنچنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان میں ایسے بچوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جن کے ساتھ کوئی نہیں ہے اور جنہیں غیر قانونی تارکین وطن کے لیے بنائے گئے حراستی مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ سرحد پر صورت حال اتنی خراب کبھی نہیں تھی۔