فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی کا فیصلہ مسلم لیگ(ن) نے کرنا ہے اکثریت اُس کے پاس ہے کسی اور جماعت کو اختیار نہیں۔ صباح نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایوان بالامیں اپوزیشن لیڈر شپ ملنے کے بعد باپ کی اتحادی جماعت بن چکی ہے، بلاول کا دیوار سے لگانے کا بیان غلط ہے، ان کی پارٹی نے خود ایسا قدم اٹھایا ہے، اس سے وہ مزید سیاسی نقصان میں جائے گی۔
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں پیپلز پارٹی کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اُس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ اس کے ساتھ چلنا ہے یا نہیں۔ پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں متحد ہیں صرف پیپلزپارٹی نے ذاتی فیصلے کیے ہیں جس کے نتیجے میں اسے باپ سے کوئی صلہ نہیں ملا بلکہ اس نے اپنا سیاسی نقصان کیا ہے۔ تکبیر کے ساتھ قربانی کی جاتی ہے حکومت کی قربانی بھی پی ڈی ایم کی جاری جدوجہد کے نتیجے میں سیاسی اور آئینی طریقہ کار کے مطابق کریں گے۔