ُٗٗٗکراچی ( اسٹاف رپورٹر )عالمی وبا کے اس کٹھن دور میں پاکستانی معیشت نمو و استحکام اورشہری سہولیات پر اسکے نمودار ہونے والے اثرات جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ان اہم موضوعات اور ان کے حل کوزیر بحث لانے کے لیے آئی بی اے کراچی کے اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز اور سینٹر آف بزنس اینڈاکنامک ریسرچ نے باہمی اشتراک سے پہلی بین الاقومی ’’ اکنامک اینڈ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کانفرنس ‘‘کے انعقاد کا ارادہ کیا ہے۔ یہ 3روزہ کانفرنس 2 تا4 اپریل کو آئی بی اے سٹی کیمپس میں منعقد ہوگی ۔ آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہاکہ یہ کانفرنس موجودہ مائیکرو اکناک امور پر تدریسی اور پالیسی کے سیاق کو مدنظر رکھے گی جبکہ عصری مسائل میں دلچسپی رکھنے والے افراد صنعتی ماہرین کے ساتھ مباحثوں سے مستفید ہوسکیں گے۔ ڈاکٹر اسماء حیدر کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ کانفرنس میں انسانی ترقی اور مساوات جیسے موضوعات کو اجاگر کرتے ہوئے مستقبل کی تعمیر نو کے لیے حکمت عملی کی جامع کوشش کی جائے گی۔