ہمارے پاس معذور افراد کا ڈیٹا موجود نہیں،مکیش چاولہ

216

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ اس وقت ہمارے پاس صوبے میں موجود معذور افراد کا ڈیٹا موجودنہیں ہے اورجون کے آخر تک ڈیٹا جمع کرنے کا کام مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی میںمحکمہ بحالی برائے خصوصی افرادسے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ جی ڈی اے کی رکن نصرت سحر عباسی نے خصوصی افراد کی تعداد پر صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کے اظہار لاعلمی پرتنقید کی اور انہوں نے خصوصی افراد کو بیچارے کہنے پر صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو ٹوک دیا جس پر انہیں معذرت کرنا پڑ گئی۔رکن اسمبلی شاہینہ اشعرنے تجویز پیش کی کہ خصوصی افراد کے لیے اگر یوسی سطح پر کام ہوں تو بہتر ہے۔جس پر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی تجاویز اچھی ہیں، خصوصی افراد کی ذمے داری ہم سب کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر سہراب سرکی نے کہا کہ میرے حلقے میں خصوصی افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے اس لیے ضروری ہے کہ جیک آباد ٹھل میں خصوصی افراد کی بحالی کا مرکز کھولا جائے۔