کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ملک کو ایسے بدترین معاشی حالات کا پچھلے دور میں سامنا نہیں کرنا پڑا ، وطن عزیز کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھا جا رہا ہے ، تبدیلی کا رخ ملک کی تباہی کی طرف ہے۔ ماضی میں بھی حکومتیں آئیڈیل نہیں تھیں لیکن موجودہ حکومت نے کوتاہیوں کی حد کردی ہے ، اہم ترین مسائل کے اعتبار سے ملک کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت کے مارے عوام پریشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مدرسہ عثمان بن عفان قیوم آباد میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کراچی کے اہم اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مفتی یوسف قصوری ، مولانا ابراہیم طارق ، محمد اشرف قریشی ، سید عامر نجیب ، مولانا افضل سردار اور دیگر بھی موجو د تھے۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام کی امیدوں کا مرکز تھا، اختلافات کی خبروں سے مایوسی ہوئی ، مستقبل قریب میں پی ڈی ایم کے باہمی اختلافات کا خاتمہ ہوگا۔