کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ کراچی کے غیورعوام حلقہ NA-249کے ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کرنے والوں سے بدلہ لیں، عمران نیازی نے کراچی کے مسائل پرتوجہ ہی نہیں دی، ایسے لگ رہاہے جیسے کراچی میں حکومت ہے ہی نہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی انڈسٹریل زون ہے، کراچی کے ٹیکس پرپاکستان چل رہاہے،موجودہ حکومت کوہوش کے ناخن لینے چاہییں،امیدہے کہ عوام قائد محمدنوازشریف کے جرأت مندانہ اقدامات کے نتیجے میں کراچی کو امن کاگہوارا بنانے کاصلہ اپنے ووٹ کے ذریعے چکائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر چوک، اتحادٹاؤن کراچی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی صدر شاہ محمدشاہ،جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل،امان آفریدی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔