لیاقت آباد کے جلسے نے کراچی کی سیاست تبدیل کردی، سردارعبدالرحیم

68

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) این اے 249 میں جی ڈی اے کے امیدوار اور جی ڈی اے کے سیکرٹری انفارمیشن سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ لیاقت آباد کے جلسے نے کراچی کی سیاست تبدیل کردی ہے ، جلسہ آنے والی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی میں مددگار ثابت ہوگا ،کراچی کی نئی سیاسی حقیقت کا محور فنکشنل لیگ ہے کیونکہ عوام نے لسانی بنیادوں پر سیاست کرنے والوں اور برسر اقتدار علی بابا چالیس چوروں کو مسترد کردیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے فنکشنل لیگ ہاؤس میںفنکشنل لیگ کراچی زون رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کارکنوں کے لیے بڑا ٹارگٹ ہے جسے عبور کرنا ہے ، پارٹی کو انتخابات سے قبل یوسیز سطح پر مضبوط کرنا ہے ، ہم محنت اور کوشش کریں گے تو عوام کی طاقت سے کامیابی یقینی طور پر کامیابی ہمارا مقدر بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے کراچی کا برا حال ہے لیکن این اے 249 کی تو کوئی بھی سڑک مکمل نہیں ، وہاں نہ پانی آتا ہے اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات ہیں۔ این اے 249 کو تمام سیاسی جماعتوں نے مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے ، عوام نے فنکشنل لیگ پر اعتماد کیا تو ان کو مایوس نہیں کریں گے۔ اجلاس میںکراچی زون رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر سلمان فیاض ، سید فاروق شاہ ، سیکرٹری سر احمد علی ، اضلاع کے صدور اور رابطہ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔