اسلام آباد ( آن لائن ) حکومتی وزرا کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسپیکر ہاؤس میں ملاقات ہو ئی۔ملاقات میں قومی اسمبلی اجلاس میں کورونا وباسے متعلق حفاظتی اقدامات کا جائزہ اور اجلاس کو بامعنی بنانے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزرامیںفاقی وزیر غذائی تحفظ فخر امام، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان بھی شامل تھے ۔ حکومتی وزرا نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ایوان کا ماحول سازگار بنانے کے لیے قومی اسمبلی اجلاس میں قانونی اور انتخابی اصلاحات پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی ۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت اپوزیشن کو ہر طرح کا فورم مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے اپنا کردار ادا کرے، اصلاحات کے لیے تمام جماعتوں سے بات کروں گا۔