وزیراعظم کا شجر کاری مہم میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم

368

اسلام آباد (آن لائن/ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی بلین ٹری منصوبے سے متعلق لکھے گئے خیرمقدمی خط کے جواب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو خصوصی ٹیلی فون کرکے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا ہے۔ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب کی بلین ٹری مہم کے آغاز پر بات چیت کی۔ عمران خان نے سعودی عرب کے گرین منصوبہ شروع کرنے کے اقدام کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے گرین منصوبے کے حوالے سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنمائوں نے پاک سعودی عرب بلین ٹری منصوبے پر مشترکہ کو ششوں پر اتفاق کیا اور ولی عہد نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں شراکت داری کی خواہش کا بھی اظہار کیا جبکہ دونوں رہنمائوں کے درمیان عہد کیا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ماحولیاتی منصوبوں پر ملکر کام کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ماحولیاتی تحفظ کے لیے “گرین سعودی عرب، “گرین مشرق وسطی” کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں سعودی ولی عہد کے نام اپنا خط شیئر کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کی غرض سے اقدامات کے لیے پاکستان کی جانب سے تعاون کی پیش کش کی ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے تحفظ کے لیے ولی عہد شہزادہ کا وژن پاکستان کے اقدامات سے مماثلت رکھتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ادھر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر تشخیص اُجاگر کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف کو تجاویز کا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نئے پاکستان کے اہداف دنیا کو بتائے جائیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حلیم عادل شیخ کو اپنے موقف پر ڈٹے رہنے پر شاباش دی‘ انکو سندھ بھر کے دورے کی ہدایت بھی دیدی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے حلیم عادل شیخ کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کی