یوٹیلیٹی کارپوریشن میں 2 ہزار سے زاید گھوسٹ ملازمین کا انکشاف

279

اسلام آباد (آن لائن) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں 2 ہزار سے زائد گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے، گھوسٹ ملازمین کا انکشاف آڈٹ رپورٹ برائے 20-2019ء میں سامنے آیا، رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ ادارے کے 42 ریجنز میں 7 ہزار 662 اسامیوں پر 9 ہزار 756 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ آڈیٹرز نے ذمے داروں کا تعین کرنے کیلیے معاملے کی آزادانہ انکوائری کرانے کی سفارش کردی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق یو ایس سی نے آڈیٹرز کو اضافی ملازمین کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں اس لیے گھوسٹ ملازمین کی تعیناتی کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ رپورٹ میں 2 ہزار 94 ملازمین کی تعیناتی اور غیر ضروری طور پر انہیں مستقل کیے جانے کو غیر مجاز اور انہیں لاکھوں روپے کی ادائیگیوں کو بے ضابطگی قرار دیا۔ دوسری جانب یو ایس سی انتظامیہ نے ان تعیناتیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ملازمین کی ریگولرائزیشن کیلیے ایک ایجنڈا یو ایس سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کو جمع کرایا جائے گا اور معاملے پر ان کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔ رپورٹ میں یو ایس سی میں اس وقت بھی غیر قانونی بھرتیوں کو اجاگر کیا گیا جب بھرتیوں پر پابندی عاید تھی۔ رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے اپریل 2011ء میں منتخب کرو اور خود منتخب کرنے کی بنیاد پر گریڈ 14 تا 16 میں 20 سے 40 ہزار روپے تنخواہ پر 11 ملازمین بھرتی کیے جس کیلیے نہ تو اخبارات میں اشتہارات دیے گئے اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ ڈو یژن سے پابندی میں نرمی کی درخواست کی گئی۔