پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پی پی پی ہمیشہ کیلیے الگ الگ ہوگئے ہیں، شیخ رشید

221

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہےکہ عمران خان کو ہٹانے والے خود پیچھے ہٹ گئے ہیں ، پی ڈی ایم میں اختلاف نہ حکومت کی کامیابی ہے نہ حکومت کا اس میں ہاتھ ہے ، دعا ہے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کو اللّٰہ صحت دے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہناتھاکہ 60 دن کے اندر اندر قائد اعظم کی آرکائیو بنائیں گے ، اسلام آباد میں ہر 15 دن میں ایک پارک کا افتتاح کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد گارڈن سٹی بن جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھاکہ کابینہ میں ردوبدل ہوتی رہتی ہے ، وزیر وزیر ہوتا ہے ، چاہے اِس وزارت میں ہو یا اُس وزارت میں ، عمران خان جہاں کہیں گے میں وہیں کھیلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) میں اختلاف اپوزیشن کی نااہلی ہے، ن لیگ اور پی پی پی ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہوچکی ہے ، اب اصل فیصلہ مولانا فضل الرحمٰن نے کرنا ہے۔

شیخ رشید کاکہناتھاکہ یہ اسمبلیوں میں آئیں، عمران خان ان سے نہیں جانے والا، آئینی ریفارمز کریں عمران خان آپ سے باہر نہیں ہے۔

شیخ رشید نے کہاکہ تمام لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے، میرا اپوزیشن لیڈر تیرا اپوزیشن لیڈر کرتے کرتے ان کا کام ہوگیا، عمران خان کے خلاف کھڑی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واضح رہے آخری سال الیکشن کا ہوگا، ہم نے کام کرنا ہے، عمران خان نے کہا کہ کام کریں۔

دوسری جانب  وفاقی وزیر کا کہناتھاکہ لاک ڈاؤن این سی او سی کا کام ہے میرا کام نہیں ہے ، اگر مجھے کہا جائے گا تو میں لاک ڈاؤن پر عملدر آمد کراؤں گا۔