ن لیگ پی ٹی آئی ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے،پیپلزپارٹی

166

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی استعفوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ‘ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے جبکہ شازیہ مری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مریم نواز کا لہجہ افسوسناک تھا‘پیپلز پارٹی کے لیے سلیکٹڈ لفظ غلط ہے‘ جمہوریت کے لیے جیلیں کاٹنے کے باوجود ہمارے لیے سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کیا گیا‘ہم نے کبھی ڈیل نہیں کی‘ کہنے کو ہمارے پاس بھی بہت کچھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو بلاول ہائوس میڈیا سیل کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سنیٹر مولا بخش چانڈیو، وقار مہدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی استعفے کی بات نہیں کی‘ ہماری اپنی سیاست ہے‘ پیپلز پارٹی چاہتی ہے اتحاد قائم رہے‘ ہم بیانیے کی نہیں سیاست کی بات کریںگے‘ زرداری صاحب ای سی ایل پر ہیں تو پاکستان میں ہی ہیں‘ ملک سے باہر تو نہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ کورونا ویکسین لانے کیلیے حکومت کس سے اجازت مانگ رہی ہے‘ دنیا بھر میں ویکسین مفت میں دی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں عمران خان دوستوں کو نواز رہے ہیں۔ شری رحمن نے کہاکہ پاکستان کے ہر فرد کو گروی رکھوا دیا گیا ہے حکومت خود تو کمزور ہے‘ کچھ نہیں کر سکتی تاہم تمام نشتر عوام اور اپوزیشن کی طرف ہیں‘ پارلیمان میں کیوں ویکسین پر بات نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کی جماعت بھی این اے249 کے انتخاب میں حصہ لے رہی ہے‘ مسلم لیگ ن استعفوں کی شروعات کرے۔ اس موقع پر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی دبائو میں نہیں آئے گی‘کسی معاہدے میں استعفے کی بات نہیں تھی‘ ہم سب کام مشورے سے کریں گے‘ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن جس لسانی سیاست کی جانب جانا چا رہی ہے اس سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے جو لوگ چھپ چھپ کر ملے ہیں‘ ان کا بھی معلوم ہے۔ اس موقع پر ہندو برادری سے ہولی کے موقع پر اظہار یکجہتی کے لیے کیک بھی کاٹا گیا۔