مزید 57 ہلاک،اسلام آباد ،لاہور ،ملتان ،کراچی و دیگر شہروں میں اسمارٹ لاک ڈائون،شادی کی تقریبات پر پابندی

206

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور/ پشاور/ ملتان/ سرگودھا/فیصل آباد/گجرات (اسٹاف رپورٹر/ جسارت نمائندہ/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میںکورونا سے مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے‘ اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، کراچی سمیت کئی شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کردیا گیا جبکہ5 اپریل سے شادی کی تقریبات پر پابندی عاید کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مثبت کیسز میں روز بروز تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی 4 ہزار767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 45 ہزار 656 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد ایک کروڑ 66 ہزار 72 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں مزید 4 ہزار 767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 54 ہزار 591 ہوگئی ہے۔ فعال کیسز کی تعداد 44 ہزار 447 ہے۔ کورونا سے مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 14 ہزار 215 ہوگئیں۔ ایک دن میں 2 ہزار 647 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار929 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 282 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 98 افراد صحتیاب ہوئے اور صوبے کورونا سے کسی کا انتقال نہیں ہوا‘ 9140 نمونوں کی جانچ کی گئی‘ اس وقت 4682 مریض زیر علاج ہیں‘ 250 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 38 کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ بھارت نے عالمی ادارے کے تحت ملنے والی ویکسین ایسٹرا زینیکا کی ترسیل روک دی جس کے باعث پاکستان کو کورونا ویکسین ملنے میں مزید تاخیر کا سامنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ چین سے 10 لاکھ 60 ہزارخوراک پر مشتمل کھیپ منگل تک آجائے گی۔ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث اسلام آباد کے 4 علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ڈی ایچ اے ٹو، سواں گارڈن، پی ڈبلیو ڈی اور بہارہ کہو میں گزشتہ رات سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ حمزہ شفقات کے مطابق سیکٹر جی 6، جی 10 اور جی 8 کے بعض علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے‘شب برأت پر اسلام آبادکے قبرستانوں میں عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی اور قبرستانوں میں میتوں کی تدفین کورونا ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی۔ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر قسم کی تعلیمی سرگرمی پر پابندی عاید کردی گئی۔ وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 29 مارچ سے تعلیمی اداروں میں امتحانات یا کسی بھی تعلیمی سرگرمی پر پابندی ہوگی‘ اطلاق 11 اپریل تک ہوگا جب کہ تعلیمی اداروں میں جاری یا پہلے سے اعلان شدہ امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں اور کسی اسکول کو امتحان لینے کی اجازت نہیں گی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ اسکولوں کو امتحانات لینے سے بھی روک دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر اسکول پرنسپل کے خلاف کارروائی ہوگی۔ دوسری جانب لاہور میںکورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی پر 83 مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ ماسک نہ پہننے پر 44 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومتی گائیڈلائنزپر من وعن عملدرآمد کرایا جائے گا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں ماسک نہ پہننے پر پہلا مقدمہ درج کر لیا جبکہ اسلام پورہ، کریم پارک اور شاد باغ سے 30 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی پکڑ دھکڑ کی گئی۔ حکومت پنجاب نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز دیکھتے ہوئے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈائون لگانے کا عندیہ دیدیا ہے۔ لاہور میں کورونا وائرس کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور شہر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک پہنچ گئی ۔ سیکرٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہماری تجویز ہے کہ 10 سے 14 دن لوگوں کا میل جول مکمل طور پر بند کیا جائے‘ تمام اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈائون لگایا جائے۔ فیصل آباد کے 19 ،گجرات کے 4 اور ملتان کے 4 علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ فیصل آباد میں کبڈی میچ کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی اور اس دوران تماشائیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا جس پر 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پشاور میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 28 اور سوات میں 26 فیصد ہوگئی۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق صوبے میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے‘ نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد، بونیر میں 16 فیصد، مردان اور ملاکنڈ میں 12 فیصد جب کہ باجوڑ، چارسدہ اور صوابی میں 11 فیصد ہے۔ دوسری جانب کورونا کیس رپورٹ ہونے پر پشاور کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق حیات آباد، زریاب کالونی اور سعیدآباد سمیت 9 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر11 شادی ہالز کے منیجرز اور دکانیں کھلی رکھنے پر 22 دکانداروں کو گرفتار کرلیا جب کہ 12 دکانوں کو سیل بھی کردیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا مثبت آنے کی شرح بڑھنے کے باعث اسپتال تیزی سے بھر رہے ہیں‘ تشویشناک حالت کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نیچیف سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرائیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے عالمی وبا کے کیسز بڑھنے کے باعث ملک بھر میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر فوری طور پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا پھیلاؤ کے علاقوں میں 29 مارچ سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام انڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر مکمل پابندی عاید کر دی گئی ہے‘ سوشل، کلچرل، سیاسی، جلوسوں سمیت تمام تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی‘ 5 اپریل سے ملک بھر میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقاریب پر بھی پابندی ہوگی‘ پابندیوں کا اطلاق 8 فیصد سے زاید مثبت کیسز کے اضلاع اور شہروں میں ہوگا۔