لاہور(آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل مہنگائی کا مصنوعی بحران ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ روز سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں قیمتوں کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں 313سہولت بازار قائم کیے جارہے ہیں، گراں فروشی کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے کام کر رہے ہیں، بڑھتی ہوئی چینی اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اعتدال پیدا کرنے کے لیے صوبائی سطح پر فیصلے کیے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے مرغی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کا نوٹس لیا ہے، چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے اس کی قیمت کو بڑھایا جارہاہے،عوام کو تکلیف سے نکالنے کے لیے حکومت 2لاکھ ٹن چینی درآمد کر رہی ہے،حکومت پنجاب نے60روپے فی کلو چینی کا نرخ مقرر کیا ہے، سندھ میں گندم کا نرخ 2ہزار روپے فی من مقرر کرکے گندم کی اسمگلنگ کے رجحان کو ہوا دی گئی ، 35لاکھ سے بڑھا کر گندم کی خریداری کا ہدف 50لاکھ میٹرک ٹن تک بڑھا دیا ہے، رواں سال پنجاب میں 1850روپے فی من گندم کا ریٹ مقرر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم مردہ گھوڑا بن چکا ہے، پی ڈی ایم نے جو ٹوٹ بٹوٹ کی کھیر پکائی تھی اس پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں لڑائی ہوگئی ہے جس میں ایک کی دم اور ایک چونچ گم ہوگئی ہے، وزیر اعظم عمران خان دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں، مریم کی ضد اورانتہا پسندی کی سیاست میں نہ چچا اور نہ کزن ان کے ساتھ ہیں،اپنے منفی عزائم کی تکمیل کے لیے اداروں پر جو بھی چڑھائی کرے گا اسی عبرت ناک انجام سے دوچار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ہے، آج تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم نے کس طرح کورونا کی شدید لہر سے نمبرد آزما ہونا ہے،رمضان المبارک اور عید تک شادیوں و دیگر اجتماعات پر فی الفور پابندی لگانے کے لیے سفارش کی گئی ہے، کورونا کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر مارکیٹیں اور شاپنگ مالز اور دیگر رش والی جگہوں پرحکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا عمل درآمد کرانے کے لیے کڑے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں،انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ میں 50فیصد مسافروں پر عملدر آمد کے لیے حکمت عملی واضح کریں گے۔