شیخوپورہ ‘مسافربس ٹرالر سے ٹکرا گئی‘5 افراد جاں بحق

166

شیخوپورہ(صباح نیوز)شیخوپورہ میں مسافر بس ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں2 بچوں اور 1خاتون سمیت5 افراد جاں بحق جبکہ12 زخمی ہوگئے۔ سیالکوٹ سے صادق آباد جانے والی مسافر بس شیخوپورہ میں جی ٹی روڈ پر سادھوکی کے زم زم سی این جی اسٹیشن کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا اور تحصیل ہیڈکواٹر اسپتال مریدکے اور میو اسپتال لاہور منتقل کیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں1سالہ زبیر،3سالہ عمیر،1خاتون صائمہ، صدیق اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق دنیاپور سے ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔