اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن پاکستان نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کے لیے نیا اور سخت سیکورٹی پلان تیار کرلیا، ضمنی انتخاب فوج کی سیکورٹی میں کرایا جائے گا، پولنگ اسٹیشنز کے اندر پولیس جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز تعینات ہوگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق انتخابی مواد اور پولنگ عملے کی حفاظت رینجرز اور فوج کے سپرد ہوگی، ریٹرننگ افسر نے فوج تعیناتی کی سفارش الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے جبکہ عدالت عظمیٰ کے این اے 75 ڈسکہ کے حوالے سے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت کو فوج تعینات کرنے کیلیے خط لکھا جائے گا۔ عدالت عظمیٰ فیصلہ کرے گی کہ پورے حلقہ میں دوبارہ پولنگ کروائی جائے یا مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کرائی جائے۔