کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر گڈاپ ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان عبدالہادی عرف شیخ اور اختر غنی کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔رینجرز کے دعویٰ کے مطابق گرفتار ملزمان حزب الاحرار تحریک اور طالبان پاکستان کے سرگرم رکن ہیں اور کراچی میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ملزمان نے 27فروری 2021ء کو تھانہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں اختر منیر ولد رحمت شاہ نامی بزنس مین سے 50لاکھ روپے بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی، بھتا نہ دینے کی صورت میں تاجر کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیاتھا۔ اس کے علاوہ ملزمان گڈاپ ٹاؤن کے علاقے میں متعدد کاروباری حضرات سے بھتے کی ڈیمانڈ کرنے کے علاوہ متعدد ڈکیتی اور رہزنی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔