محکمہ اقلیتی امور کے تحت جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے ‘ہری کشوری لال

94

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محکمہ اقلیتی امور و خوراک نے کہا ہے کہ محکمہ اقلیتی امور کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو رواں مالی سال میں مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے محکمہ اقلیتی امور کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال کو بتایا گیا کہ محکمہ اقلیتی امور کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 2021-2020 ء میں ابتک 99 ملین روپے سے زائد کی لاگت سے 6 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ 2020-2019 مالی سال کے دوران 37 ملین روپے سے زائد کی لاگت سے 4 منصوبے مکمل کیے گئے تھے. اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ اقلیتی امور کے لیے جاری گرانٹ ان ایڈ کے تحت مالی سال 2019-2018 ء کے دوران 22 ملین روپے سے زائد کی لاگت سے 5 ترقیاتی منصوبے مکمل کی گئیں جبکہ مالی سال 2020-2019 ء کے دوران 41 ملین روپے سے زائد کی لاگت سے 9 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔