اسلام آباد: شب برات پر قبرستانوں میں عوامی اجتماع پر پابندی عائد

272

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے شب برات پر قبرستانوں میں عوامی اجتماع پر پابندی لگادی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے سخت اقدامات اٹھالیے ہیں اور سب برات پر قبرستانوں میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات پر مبنی یہ نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور  نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اپریل سے شادی ہالز کے اندر اور باہر شادی اور دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے اسپورٹس ٹورنامنٹ ، سوشل ، کلچرل تقریبات اور مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی ہے جبکہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق شب برات پر بھی اسلام آباد کے قبرستانوں میں عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایچ ایٹ اور ایچ الیون کے قبرستانوں میں شب برات کو دن اور رات کے اجتماع روکے جائیں گے جبکہ نوٹیفکیشن میں یہ بھی درج کیا گیا ہےکہ قبرستانوں میں میتوں کی تدفین کورونا ایس او پیز کے مطابق ہی کی جائے گی۔