راولپنڈی راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گھروں کو نذر آتش کرنا بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ سیز فائر لائن پر جنگ بندی معاہدے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر میںمسلمانوں کی نسل کشی نظر انداز کردی جائے۔ عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی خدمت اور اسمبلی کی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی۔ میرٹ کی بالادستی، بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی اور ریاست کی خوشحالی ہمارا ہدف اور مشن ہے۔بے روزگاری اور سودی معاشی نظام کا خاتمہ، نظام مصطفی کا قیام وقت کی ضرورت اور حالات کا تقاضا ہے۔ جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ کے ذریعے نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے تا کہ آزاد خطے کے مسائل بھی حل ہوں اور کشمیرکی آزادی کی منزل بھی حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کارکن بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلائیں عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بیس کیمپ کے عوام نظام کی تبدیلی کے حوالے سے کی جانے والی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں اور ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو آزادی دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔