لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ندیم بابر کو عہدے سے ہٹانا نہیں بلکہ جیل میں ڈالنا چاہیے تھا ، چینی، آٹا، گھی،تیل ، انڈے اور دوائیں اس وقت تک سستی نہیں ہوں گی جب تک عمران خان ملک پر مسلط ہیں۔لاہور ماڈل
ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت ملک پر نااہل نالائق ٹولہ مسلط ہے جو عوام کو لوٹ رہا ہے، کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹ بولے گئے، 2014 ء سے اب تک حکمراں جھوٹ بول رہے ہیں، یہ بولتے تھے جب مہنگائی ہوتی ہے تو اس کا مطلب وزیراعظم چورہوتا ہے، یہ چور چور کا شور مچائیں اور خود عوام کو لوٹیں، چینی، آٹا، گھی ،تیل ، انڈے اور دوائیں اس وقت تک سستی نہیں ہوں گی جب تک یہ ملک پر مسلط ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے گنے کی قیمت 180 روپے رکھی تاکہ کسانوں کو پریشانی نہ ہو، ہمارے دور میں 52 روپے میں بکنے والی چینی آج120روپے کلو ہوگئی، چینی کمیشن بنا تو چینی 72 روپے کلو تھی مگرآج چینی 120 تک پہنچ چکی ہے ، حکمران چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پر عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں، کمیشن رپورٹ میں جن افراد کو ذمے دار ٹھہرایا گیا وہ ملک پر مسلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پرسیاسی یتیم ہیںاور اس لیے آج کل وہ خاموش ہیں،شہزاد اکبر کاغذ لہرا کر شہباز شریف پر الزامات لگاتے تھے، ندیم بابر کو 122 ارب کا ایل این جی میں ڈاکا ڈالنے کے بعد ہٹایا گیا، پیٹرولیم بحران پر ندیم بابر کو صرف ہٹانا نہیں چاہیے بلکہ عمران خان کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہیے،ایف آئی اے نے کہا کہ عمران خان، عثمان بزدار، خسرو بختیار اور جہانگیر ترین چینی چور ہیں، اب ثبوت ندیم بابر، جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور عثمان بزدار کے خلاف ہیں، آٹا، بجلی، گیس چوری اور بی آر ٹی پشاور میں نیب کہاں ہے، احتساب کے نام پر پتلی تماشا ہورہاہے، عامر کیانی ہو ،ندیم بابر یا جہانگیر ترین انہوں نے مل کر اربوں روپے کا چونا لگایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم میں اختلاف رائے جمہوری حق تھا لیکن اس طرح تقریر جاری نہیں کرنی چاہیے تھی،پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی کے مستقبل کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن کریں گے،پیپلزپارٹی کے انفرادی فیصلے نے اجتماعی نقصان پہنچایا جس سے جدوجہد کو دھچکا لگا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔