کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اسٹیٹ بینک سے متعلق حکومتی آرڈیننس کو پاکستان کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آرڈیننس غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، حکومت کو یہ آرڈیننس فوری طور پر واپس لینا چاہیے، ہم نے پی ٹی آئی ایم ایف کا پہلے بھی مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، پٹرولیم بحران پر ندیم بابر کو ہٹانا کافی نہیں وزیر اعظم سمیت کابینہ ارکان کو مستعفی ہونا چاہیے، بلاول نے کہا مسلم لیگ( ن )کے دوستوں سے درخواست ہے وہ ٹھنڈا ٹھنڈا پانی پی لیں اور لمبی لمبی سانسیں لیں، مسلم لیگ ن سے بالکل توقع نہیں تھی سینیٹ میں امیدوارکی ہار کے بعد خان صاحب جیسا ردعمل دیں گے، سیلیکٹڈ کالفظ میں نے دیاہے تومیں جانتاہوں وہ کس پراستعمال ہونا بنتا ہے کس پرنہیں۔جانبدار انہ فیصلے سے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کا عہدہ چھینا گیا ، ہائیکورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کرینگے، عدالت میرٹ پر فیصلہ کرے تو کامیابی ہماری ہو گی ،کورونا کے باعث ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کا بڑا اجتماع نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول زرداری نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے کسی کو یقین دہانی نہیں کرائی تھی کہ اپوزیشن لیڈر کا امیدوار پیپلزپارٹی سے نہیں ہوگا۔سینیٹ میں اپوزیشن کی جو اکثریتی جماعت ہوتی ہے اپوزیشن لیڈر بھی اسی جماعت سے ہوتا ہے اسی لیے ہمارا حق تھا کہ ہم چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی لڑیں اور اپوزیشن لیڈر بھی نامزد کریںاس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے ۔انہو ںنے مزید کہا کہ مریم نواز اور لیگی رہنماؤں کے بیانات تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ ( ن ) لیگی رہنمائوں کا احترام کرتا ہو ں ،مریم نواز کی عزت کر تاہو ں میں ان کے کسی بھی بیان پر ردعمل نہیں دوں گا، میں جانتا ہو ں کہ مریم نواز سمیت دیگر لوگ پیپلزپارٹی کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں اس پر بس اتنا ہی کہوں گا کہ (ن ) لیگ والے ٹھنڈا ٹھنڈا پانی پییں اور لمبی لمبی سانسیں لیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کا بڑا اجتماع نہیں ہو گا۔