کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملک کا سب کچھ آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا گیا، اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پارلیمنٹ میں آیا تو اس کی مخالفت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میںخطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی نہیں کہا کہ وہ پی ڈی ایم سے الگ ہے، پی ڈی ایم ملکی مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھے گی، پی ڈی ایم کا شیرازہ ابھی بکھرا نہیں ہے، پیپلز پارٹی کا اپنا الگ موقف تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک کو اتنے اختیارات دیے کہ اب وہ کسی کو جواب دینے کا پابند نہیں ہوگا، ملکی خودمختاری کو دائو پر نہیں لگنے دیں گے، حکومت کے غیر جمہوری اقدامات کی ہر فورم پرمخالفت کریں گے۔