جماعت اسلامی آج عوامی طاقت دکھائے گی ، لیاقت باغ میں تیاریاں مکمل

261
راولپنڈی: لیاقت باغ میں جلسہ عام کے لیے تیاریاں جاری ہیں، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم جلسہ گاہ کے دورے کے بعد پریس کانفرنس کررہے ہیں

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کاجلسہ عام آج لیاقت باغ راولپنڈی میں ہوگا، جس سے امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، امیر جماعت پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پنجاب انعام الحق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ آج 28مارچ کو دن 2بجے لیاقت باغ کے تاریخی گرائو نڈمیں حکومتی نااہلی، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی عظیم الشان جلسہ عام منعقد کررہی ہے، جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مرکزی سیکرٹری جنر ل امیرالعظیم، مرکزی نائب امیرمیاں محمد اسلم، امیرصوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان، امیرضلع راولپنڈیسیدعارف شیرازی، ضلعی صدرسیاسی کونسل سیدرضا احمد شاہ، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی، صدر جماعت اسلامی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حمزہ محمدصدیقی، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیرعلی شاہد، صدر پاکستان بزنس فورم پنجاب و چیئرمین یونین کونسل رحمت آباد محمدتاج عباسی، ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش سمیت دیگر مرکزی، صوبائی و مقامی ذمے داران خطاب کریں گے۔ صوبائی ترجمان کے مطابق جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مردوں، نوجوانوں، بزرگوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد جلسے میں شریک ہوگی۔ اس سلسلے میں قافلے راولپنڈی کی جانب گامزن ہیں۔ میڈیا اورسوشل میڈیا کوریج کے لیے علیحدہ گیلریاں بناکرٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلسے سے متعلق تمام امور کی سوشل میڈیا پربھی براہ راست کوریج کاانتظام کیا گیا ہے۔