جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر سید عارف حسین شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی راولپنڈی کا جلسہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں اور قومی آزادی و خود مختاری کے تحفظ اور ہر قسم کی مداخلت کے خاتمے کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانتے ہوئے اس کا بروقت انتخاب کرے اور ایماندار و دیانتدار قیادت منتخب کرکے قوم اور ملک کا مستقبل محفوظ بنانے میں اپنا بنیادی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے تبدیلی کی لہر پیدا ہو چکی ہے۔ لوگ کئی برس سے اقتدار کے مزے لوٹنے والی جماعتوں سے تنگ آ چکے ہیں کیوں کہ بار بار حکومتوں میں آنے کے باوجود پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جماعت اسلامی قوم کو اس کی بنیادی ضروریات زندگی سمیت تمام حقوق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سید عارف حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ 73 برس سے معصوم اور نہتے کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے اپنے پیاروں کا لہو اور ماؤں بہنوں کی عصمت دری جیسی صعوبتیں برداشت کیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ خطے کو مزید تقسیم کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہجماعت اسلامی اپنے واضح پروگرام کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہمارا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔