مہنگائی اور ناانصافی کا خاتمہ اسلامی انقلاب ہی سے ممکن ہے،نیشنل لیبر فیڈریشن

322

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے اعلان کیا ہے کہ 28 مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام میں مزدور بھی بھرپور شرکت کریں گے اور اپنی طاقت دکھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل لیبر فیڈریشن راولپنڈی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر شمالی پنجاب این ایل ایف عاشق خان، ڈویژنل صدر اصغر خان ،ضلعی صدر ایوب خان ،جنرل سیکرٹری آئیسکو لیبر یونٹی تنویر شاہ ،پریم یونین کے رمضان شاہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ 73 برس سے وڈیروں،جاگیرداروں اور افسر شاہی کی ٹرائیکا نے عوام خصوصاً مزدور طبقے سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے۔مزدور کسان جماعت اسلامی کو اپنی پارٹی سمجھتے ہیں۔ مہنگائی و بے روزگاری ،ظلم و نا انصافی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے،جو کہ غریبوں کی واحد امید ہے۔انہوں نے کہا کہ 28مارچ کو لیاقت باغ کا جلسہ ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ بے روزگاری اور نجکاری کے خلاف اور دیہاڑی دار مزدور کو سوشل سیکورٹی ،تعلیم اور علاج کی سہولت برابری کی بنیاد پر اور ہر مزدور کے لیے اپنا گھر سراج الحق کی قیادت میں اسلامی انقلاب سے ہی یقینی ہے۔