اسلام آباد ؍ راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کرتے ہوئے 16 دکانوں، 6 ریستورانوں اور 9 تجارتی مراکز کو سربمہر کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے جب کہ 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز اورناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانوں، ریستورانوں کو سیل کرنے اور گرفتاریوں کے ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک لاکھ 42ہزار روپے کے جرمانے کیے۔ گزشتہ روزڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق انتظامیہ کی ٹیموں نے مجموعی طور پر 383 مقامات پر کارروائیاں کیں۔ اس دوران انتظامیہ کے اہل کاروں نے کورونا ایس او پیز پر عمل کے تناظر میں 15 مساجد کو بھی چیک کیا۔ جب کہ شادی ہالوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 15 شادی ہالوں کا جائزہ لیا گیا اور مجموعی طور پر 20ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور 73 گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے 45 کا چالان کیا گیا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں کوروناوائرس ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 9تجارتی مراکز سربمہرکرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کردیے۔ جمعہ کے روز ضلع بھر میں 22 شادی ہالوں، 36 ریستورانوں، 32 مساجد و مدارس اور 4 ریلوے و بس اسٹیشنوں کا جائزہ لے کر ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔