حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر ) ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے ویکسینیشن کا کام پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت دیگر عملے سے لنے سمیت دیگر مسائل پر حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے منور علی شاہ، نسیم جاوید، ادریس سومرو نے کہاکہ ویکسینیٹر کافی عرصے سے سروس اسٹرکچر، ٹائم اسکیل سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے گزشتہ دس روز سے کام بھی بند کردیا ہے، اس کے باوجود سندھ حکومت نے مطالبات منظور کرنے کے بجائے ویکسینیشن کا کام نرسنگ اسٹاف، مڈ وائف اور دیگر عملے کو دینے کے لیے لیٹر جاری کردیا جوکہ عملے کے ساتھ ناانصافی اور معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابشاہ میں ویکیسنیشن کے دوران کئی بچے فوت ہوچکے ہیں، جس کا سبب غیر تربیت یافتہ عملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں بھی کوئی ایسا واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمے داری محکمہ صحت اور ڈی ایچ اوز پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایک ملک میں دو نظام چل رہے ہیں بلکہ ایک صوبے میں بھی دو نظام چل رہے ہیں، ایک ضلعی میں ویکسینیٹر کو چھے اسکیل جبکہ دوسرے ضلع میں پانچ اسکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ ہم سے ہر مرتبہ وعدہ کے باوجود ہمیں نظر انداز کیا گیا ہے انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری طو رپر مطالبات منظور کیے جائیں۔