کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ناصر حیات مگوں اورعہدیداران نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ ایف پی سی سی آئی کاکہنا ہے کہ یہ سب کچھ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی ناصر حیات مگوں نے بجلی کے نر خوںمیں اضافے کے اقدامات کو مسترد کردیا ہے اس کے علاوہ وقتا فوقتا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہاہے جس کا براہ راست اثرصنعتی شعبے کی پیداواری لاگت پر ہو رہا ہے اور برآمدات بھی متا ثر ہورہی ہیں۔ایف پی سی سی آئی اس اضافے کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور اس پر نظرثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے کیونکہ صنعتی شعبہ توانائی کا بڑاطلبگار ہے جس کا براہ راست اثر معیشت پرپڑے گا۔