کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میںکراچی جو 2013 میں چھٹے نمبر پر تھا گذشتہ سال 64 ویں نمبر پر آگیا تھا اور اب109ویں نمبرپرہے جس سے امن و امان کی صورتحال میں زبردست بہتری کی نشاندہی ہوتی ہے جو پولیس افسران کی محنت، لگن اور قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا۔ یہ بات انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک اقبال درا، ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض اور ڈی آئی جی ویسٹ، سنٹرل عاصم قائمخانی کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس میں شرکت کے دوران کہی۔چیئرمین بزنس مین گروپ وسابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی انجم نثار، جنرل سیکر ٹری اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی شارق وہرہ، سینئر نائب صدر ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان، چیئرمین لا اینڈ آرڈر سب کمیٹی جنید الرحمان، چیف پی سی ایل سی حفیظ عزیز اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔غلام نبی میمن نے کہا کہ لوگ اپنے مقدمات درج کرانے سے اب زیادہ نہیں کتراتے کیونکہ اب 75 فیصد مقدمات رپورٹ ہورہے ہیں جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور صرف 25 فیصد اَن رپوریٹیڈ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں ہر ماہ 15 کے قریب گھروں میں ڈکیتیاں ہو رہی تھیں جس کا مطلب یہ کہ ہر دوسرے دن ایک گھر لوٹا جارہاہے ۔