کراچی(اسٹاف رپورٹر)میٹرو پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ساتھ اشتراک میں اپنے تمام پوائنٹ آف سیلز (POS) کو ایف بی آر کی جانب سے حال ہی میں متعارف کردہ جدید الیکٹرانک ڈیوائس سسٹم(ای ڈی ایس) کے ساتھ ضم کرنے کا عمل مکمل کرلیا ہے۔یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم چھوٹے ریٹیلرز، درمیانے ریٹیلرز، اور بڑے ٹیئر ون کے ریٹیلرز کو ٹیکسیشن کے مقاصد کے لیے رئیل ٹائم میں اپنی سیلز کو رپورٹ اور ریکارڈ کرنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ کسٹمرز کی جانب سے پوائنٹ آف سیلز پر سیلز ٹیکس کی ادائیگی اور کیش کاؤنٹرز پر جی ایس ٹی کی ادائیگی کی اس سسٹم میں منتقلی کو یقینی بنائے گا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میٹرو پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر Marek Minkiewicz,نے کہا کہ ’’میٹرو پاکستا ن غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایک عمدہ مثال ہے اور یہاں کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہوئے سماجی ذمہ داریوں کے لیے عالمی اعلیٰ معیارات برقرار رکھتے ہوئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہے ہیں۔میٹرو پاکستان معیشت کی دستاویز بندی کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور اس کی مکمل حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ قومی خزانے کے لیے نہایت اہم ہے۔یہ ہول سیل و ریٹیل سیکٹر میں کسٹمرز اور سپلائرز سے سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس کی مد میں جمع کی جانے والی سب سے زیادہ ٹیکس آمدن ہے جو قومی خزانے کو جاتی ہے۔میٹرو پاکستان قومی خزانے کے لیے سالانہ اوسطاً8ارب روپے جمع کرتا ہے۔‘‘