پاکستان اسٹاک،61 فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں

285

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 45700پوائنٹس سے گھٹ کر 45500پوائنٹس پر آگیا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو33ارب روپے کا خسارہ ہوا جبکہ61فیصدحصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے آغاز سے ہی کاروبار اتار چڑھائو کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے سرمایہ کارو ں نے نہ صرف نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا بلکہ منافع کی خاطر فروخت کو بھی ترجیح دی یہی وجہ مارکیٹ کی تنزلی کا سبب بنی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کوکے ایس ای100انڈیکس میں204.54پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 45726.17 پوائنٹس سے کم ہو کر 45521.63پوائنٹس ہو گیا اسی طرح127.87پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 18849.95پوائنٹس سے کم ہو کر18722.08پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس31184.60پوائنٹس سے گھٹ کر 31054.89پوائنٹس ہو گیا ۔کاروبار ی مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 33 ارب 56 کروڑ 62لاکھ2ہزار54روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی 80 کھرب70ارب 41 کروڑ 82 لاکھ 19 ہزار 51روپے سے گھٹ کر 80 کھرب36ارب 85کروڑ20لاکھ 16 ہزار 997روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو25ارب روپے مالیت کے 52کروڑ92لاکھ 4ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 25ارب روپے مالیت کے 47کروڑ4لاکھ 1ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔