جعلی میجر لیاری کے 3 بھتا خوروں سمیت 21 ملزم گرفتار

179

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) رینجرز اورپولیس نے شہر قائد میں کومبنگ آپریشن اوردوسری کارروائیوں کے دوران 21 ملزمان کو گرفتارکرلیا ،گرفتار شدگان میں جعلی میجر، لیاری گینگ وار کے تین بھتا خور اور ڈکیتی کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے سرغنہ کے علاوہ منشیات فروش، ڈکیت ، رہزن اوررموٹرسائیکل چور بھی شامل ہیں،ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ،منشیات،مسروقہ موٹرسائیکلیں ،گٹکا ودیگر سامان برآمد ہوا،تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں پولیس اوررینجرز نے مشترکہ کارروائی کے دوران بھتا خوری میں ملوث 3رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے9فروری کوملیرسٹی میں دکاندارکوبھتے کی پرچی بھیجی، بھتا نہ دینے پر ملزمان نے 28 فروری کوشہری کی دکان پرفائرنگ کی، گرفتارملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔پولیس نے ملزمان سے اسلحہ اورڈکیتی میں گھر سے لوٹا گیا موبائل فون برآمد کرلیا ہے جبکہ دوران تفتیش ملزمان نے ملیر سٹی میں گھروں میں ڈکیتی کا بھی اعتراف کیا۔رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر بوٹ بیسن کے قریب کارروائی کی اور عرفان احمد نامی ملزم کو گرفتار کیا،ملزم سے حساس اداروں کے جعلی کارڈز اور دستاویزات برآمد ہوئیں۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم جعل سازی کرکے میڈکل کالج میں داخلے اور نوکری کا جھانسہ بھی دیتا تھا۔ عرفان نے جعلی ڈگری بنوانے کا چونا لگا کر بھاری رقم بھی بٹوری ، ملزم کے قبضے سے حساس ادارے کے جعلی کارڈز، یونیفارم اور دستاویزات برآمد ہوئیں۔،شاہ لطیف ٹائون پولیس نے بین الصوبائی منشیات گروہ کے 3 کارندوںکو گرفتار کرلیا،ملزمان بلوچستان کے علاقے پشین سے منشیات کراچی لا رہے تھے۔گلستان جوہر پولیس نے شوروم میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 22 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات کرنے والے 2ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔گلشن معما ر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے ایک منشیات فروش محمد شہباز ولد غلام شبیر کو گرفتار کیا۔ نبی بخش پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروشوں نصراللہ ولد حنیف اور رشید ولد خوش دل کو گرفتار کر لیا.۔رسالہ پولیس نے چاند بی بی روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک رکشا چور شہزادکو گرفتار کر لیا،سٹی کورٹ پولیس نے طاہر سیف الدین روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل چور سید قاسم رضا ولد محمد رضاکوگرفتار کرلیا۔گارڈن پولیس نے لال مسجد میجر عبدالرحمن روڈ گارڈن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش شریف ولد نورکو گرفتار کر لیا،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے چھاپے کے دوران 25 رکنی جیب کتروں کے گروپ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کرلیا ۔فیروز آباد پولیس نے طارق روڈپرڈکیتی کی 50سے زائد وارداتوں میں افغان ڈکیت گینگ کے سرغنہ غلام سخی عرف کرکرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے خفیہ اطلاع پر نیشنل ہائی وے کے قریب کارروائی کے دوران نظر محمد، شیراللہ اور خالد فاروق کو گرفتار کیا ،گرفتار ملزمان سے 120 کلو سے ز چرس اور موبائل فونز برآمد ہوئے ،گرفتار ملزمان سے برآمد موبائل فونز کا سائینسی تجزیہ کروایا جائیگا۔