کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف) کے 12ویں ایڈیشن کی تقریبات کا جمعہ کو آغاز ہوگیا۔ کراچی لٹریچر فیسٹیول جس کی بنیاد 2010ء میں رکھی گئی، کا ہرسال اہتمام آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) کی طرف سے کیا جاتاہے۔کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں سال لٹریچر فیسٹیول کا آن لائن انعقاد کیا جارہا ہے۔ فیسٹیول کو اسپانسر کرنے والوں میں بینک آف پنجاب سرفہرست ہے۔ ہر سال کی روایات کے مطابق Getzفارما کی طرف سے اردو نثر، اردو شاعری اور انگریزی فکشن کی کیٹگریوں میں ادبی انعامات سے نوازا جائے گا۔رواں سال فیسٹول کا موضوع’’نئی سرحدوں کا تعین ہے۔‘‘نئے حقائق میں زندگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کراچی لٹریچر فیسٹیول کے ورچوئل ایڈیشن میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد کی دنیا پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی۔ ارشد سعید حسین، مینجنگ ڈائریکٹر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے کہا ’کورونا وائرس کی وبا نے ہمیں ادویات، ویکسین، ڈیجیٹل لرننگ اور گھر سے کام کی نئی سرحدوں کے تعین کرنے پر مجبور کردیا ہے۔وبا نے دنیا کو اجتماعی حل کی تلاش کیلیے اکٹھا کردیا ہے۔ ا سکولوں نے ٹیکنالوجی کے ذریعے اور الیکٹرونک میڈیا کے استعمال سے لاک ڈاؤن کے مسئلے کا حل نکال لیا ہے۔ہمیں کام کے لیے محفوظ ماحول کے ازسر نو تعین کرنے کی ضرورت ہے چاہے وہ آفس میں ہو، گھر میں یا پھر سکولوں میں ہو۔ دنیا پہلے ہی ڈیجیٹل اور لرننگ کے ملے جلے ٹولز کے ذریعے ترسیل کے طریقوں کو ازسرنو مرتب کر رہی ہے۔