کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات کے زیر اہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں دو روزہ تحقیقی سیمینارکاانعقادہوا۔سیمینار کے پہلے روز شعبہ عمرانیات کے پروفیسر ڈاکٹر نبیل احمد زبیری نے طلبہ وطالبات کو مقالہ لکھنے کی تکنیکی اور بنیادی باتیںسکھائی۔علاوہ ازیں طلبہ کو تھیسز لکھنے اور تربیت دینے سے متعلق بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔سیمینار میں سال آخر کے طلبہ کی کثیر تعداد نے شعبہ جرمیات کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال کی زیر نگرانی شرکت کی،طلبہ نے اس طرح کے تحقیقی سیمینار کے انعقاد کوناگزیرقراردیا۔سیمینارکے اختتام پر سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا۔سیمینار کا دوسرادن دوسیشنز پر مشتمل تھا‘ پہلے سیشن میں شعبہ تاریخ جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طہٰٰ نے سال آخر کے طلبہ کو تحقیقی عمل اور مقالہ لکھنے کے سلسلے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں اور طلبہ کو تنقیدی تحقیق،تحقیقی طریقہ کار اور سوالنامہ مرتب کرنے کے بارے میں آگاہی فراہم کی،جبکہ دوسرے سیشن میں شعبہ معاشیات کے پروفیسر ورجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید نے تحقیقی ڈیزائن، نمونے لینے اور تحقیق کے اصول کی بنیادی باتوں سے طلبہ کو آگاہ کیا۔