کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان کی قیادت میں اور نگی نالے کے متاثرین،کڈنی ہل پارک کی جامع مسجد الفتح اور نوید کلاتھ مارکیٹ کے نمائندوں پر مشتمل وفد کی کمشنر کراچی نوید احمد شیخ سے انکے دفتر میں ملاقات۔ ملاقات میں قاری محمد عثمان نے کہاکہ اورنگی نالے کے نام پر انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ انہوں نے 45 سال سے قائم کڈنی ہل پارک کی جامع مسجد الفتح کے گرائے جانے کی بار بار دھمکی اور متبادل جگہ پر نقشہ کے مطابق نئی تعمیر کی جانے والی مسجد الفتح کو شہید کرنے اور نوید کلاتھ مارکیٹ کی مسجد، اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے جانبدارانہ رویے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے گھر کرنا برداشت نہیں۔ قاری محمد عثمان نے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کی آڑ میں مسجد کو شہید کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ قدیم الفتح مسجد کی متبادل تعمیر کے لیے 1991ء میں زمین کے ایم سی سے باقاعدہ خریدی گئی تھی جس کا مکمل ثبوت اور کاغذات موجود ہیں۔کمشنر کراچی نوید احمد شیخ نے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بغیر متبادل کے آپریشن نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد الفتح کڈنی ہل پارک کا مسئلہ چونکہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس حوالے سے عدالتی فیصلے تک مسجد الفتح کو نہیں چھیڑا جائے گا۔