سردار خان و برہان خان کی نیب انکوائری سے متعلق سماعت ملتوی

285

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما سردار خان چانڈیو اور برہان خان چانڈیو کی نیب انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت2 مئی تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سردار چانڈیو اور دیگر ملزمان کے خلاف انکوائری جاری ہے، انکوائری مکمل کرنے کے لیے مہلت درکار ہے، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت2 مئی تک ملتوی کردی۔ عدالت نے سردار خان چانڈیو سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔ نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پر آئل مینوفیکچرنگ کمپنی کو سرکاری زمین لیز پر دینے سے متعلق نیب تحقیقات جاری ہے، ملزمان نے سرکاری زمین لیز پر دیکر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ علاوہ زیںسندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی محمد بخش مہر و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر نیب انکوائری سے متعلق سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ محمد بخش مہر کے خلاف انکوائری کے دوران شواہد نہیں ملے، ملزمان کے خلاف انکوائری بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کس نے ملزمان کے خلاف انکوائری بند کرنے کی سفارش کی؟۔ نیب کا کہنا تھا کہ ریجنل بورڈ میٹنگ سکھر میں انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انکوائری ختم کرنے کی منظوری چیئرمین نیب کردیں گے۔