شہباز شریف و خاندان کیخلاف ریفرنس کی سماعت آج ہو گی

156

 

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے شہباز شریف و ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت آج ہوگی، عدالت نے نیب کے گواہوں کو بیان و جرح کے لیے دوبارہ طلب کرلیا۔ عدالت نے شہباز شریف کی کورونا ویکسینیشن لگوانے کی دائر درخواست منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب کو دو روز میں شہباز شریف کو کورونا ویکسینیشن لگانے کا حکم دے دیا اور شہباز شریف کی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے حوالے سے بھی جواب طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ جمعرات کو عدالتی سماعت پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے والد شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ شہباز شریف کی حاضری لگائی گئی جبکہ اس کیس میں ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا حمزہ شہباز نے بھی اپنی حاضری مکمل کی۔عدالت میں نیب کے گواہ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو تنویر حسین نے اپنا بیان قلمبند کرایا جس پر ملزمان کے وکیل نے نیب کے گواہ کے بیان پر جرح کی۔