سرمست اور کوہسارہائوسنگ منصوبہ جلد مکمل ہوجائے گا،ادارہ ترقیات

237

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائر یکٹر جنرل غلام محمد قائمخانی نے کہاہے کہ گلستان سرمست اور کوہسار ایکسٹینشن ہا ئوسنگ اسکیم میں ترقیاتی کام آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اورجلد آباد کاری سے حیدرآباد خصوصاََ لطیف آباد سے آبادی کا دبائو کم ہوگا ،ٹریفک اور سیوریج کے مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ترجمان کے مطابق وہ گزشتہ روز ادارہ ترقیات حیدرآباد کے تحت جاری ہائوسنگ اسکیموں پر ہونیوالے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پراجلاس میں پروجیکٹ ڈائر یکٹر ہائوسنگ انجم سعید ،ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ کنٹرول شاہد پرویز میمن ، ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن سید ندیم رضوان اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے گلستان سرمست اور کوہسار ایکسٹینشن سمیت ایچ ڈی اے کی مختلف ہائوسنگ اسکیموں پر جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلی بریفنگ لی،ڈائر یکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ ادارے کی جملہ اسکیموں میں جاری اور آئندہ ہونے والے ترقیاتی کاموں میں سندھ پبلک پرو کیورمنیٹ ریگیو لیٹری اتھارٹی (SPPRA )کے رولز کو لازمی طور پر ملحوظ رکھتے ہوئے مالی امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائر یکٹر جنرل نے اجلاس کو بتایا کہ گلستان سرمست کو جلد ازجلد قابل رہائش بنانے کے لیے ہر رکاوٹ کو دورکیا جارہا ہے جبکہ گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لیے واپڈا کو 4ایکڑ زمین مہیا کی جا چکی ہے اسی طرح اسکیم کی380 ایکڑ اراضی کی میوٹیشن کا عمل بھی آخری مرحلہ میں ہے۔ ڈائر یکٹر جنرل نے کہا کہ گلستان سرمست اسٹیج4 میں پلاٹوں کی نیلامی کے ذریعے ادارے کو کروڑوں روپے کی اضافی آمدنی ہوئی جبکہ ادراہ کی کوششوں اور بروقت فیصلوں کی وجہ سے سرمست زون میں پلاٹوں کی قیمتوں میں 100سے200 فیصد اضافہ ہوا اور یہ سلسلہ بد ستور جاری ہے اور لطیف آباد سے ملحقہ ان اسکیموں پر آباد کاری کے ذریعے حیدرآباد خصو صاًلطیف آبادسے نہ صرف آبادی کے دبائو میں کمی ہو گی بلکہ ٹریفک اور سیوریج کے بڑھتے ہوئے مسائل پر بھی قابو پانا ممکن ہو سکے گا۔