گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت میں مسافر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی گلگت کا بتانا ہے کہ مسافر گاڑی گلگت سے نلتر بالا جا رہی تھی کہ مسلح ملزمان کی جانب سے نلتر پائن میں آر سی سی پل کے قریب گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے گلگت اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس ایس پی راجا مرزا حسن کا بتانا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق نلتربالا سے ہے جبکہ گاڑی پر فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔راجا مرزا حسن کے مطابق تینوں ملزمان کا تعلق نلتر پائن سے ہے، ملزمان میں شریف الدین، طاہر حسین اور واجد حسین شامل ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز کاکہنا ہے کہ نلتر میں فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور کمشنر گلگت سے رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کردیے ہیں۔راجا جلال حسین مقپون نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔