اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی حکومتی یقین دہانیوں سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اجلاس، کمیٹی کا پی ٹی وی حکام کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار، پی ٹی وی سمیت وزارت اطلاعات کے ماتحت اداروں کے ملازمین کو بجٹ اعزازیہ فوری دینے کی ہدایت، پاک افغان سرحد کو بھی ہفتے میں 4 کے بجائے 6 دن کھلے رکھنے کی ہدایت کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی حکومتی یقین دہانیوں سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اجلاس رکن قومی اسمبلی اور چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کی زیر صدارت ہوا، قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں بجٹ کے دنوں میں دن رات ڈیوٹی کرنے والے پولیس اور دوسرے سیکورٹی اداروں کے ملازمین کو بھی فوری اعزازیہ دیا جائے، قائمہ کمیٹی نے تمام متعلقہ محکموں سے آئندہ اجلاس میں عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ اجلاس میں وزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ پاک افغان سرحد کو 6 دن کھلے رکھنے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دی تھی، اسپیکر کی رولنگ کے باوجود وزارت داخلہ نے ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔ تمام متعلقہ حکام سے مشاورت مکمل ہوگئی، جلد سرحد 6 دن کھلی رکھنے کے انتظامات مکمل ہو جائیں گے۔